حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کربلائے معلیٰ میں حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے یومِ وفات کے موقع پر حرم حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام میں غم کی فضا ہے۔ اس مناسبت سے عتبہ عباسیہ کی جانب سے مجالسِ عزا اور ماتمی جلوسوں کے انعقاد کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ حرم کے مختلف مقامات پر تعزیت کے بینر بھی نصب کیے گئے ہیں۔
عتبہ عباسیہ نے عزاداری کے جلوسوں کی آمد و رفت اور ان کے راستوں کو منظم کرنے کی ذمہ داری سنبھالی ہے۔ جلوسوں کا آغاز حرم حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام سے ہوگا، جو بین الحرمین سے گزرتے ہوئے حرم امام حسین علیہ السلام پر اختتام پذیر ہوں گے۔
انتظامیہ نے جلوسوں کے اوقات مقرر کرنے، انجمنوں کے درمیان رابطہ قائم رکھنے اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں، تاکہ عزاداری کے پروگرام نظم و ضبط کے ساتھ منعقد ہوں اور زائرین کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر حرم کے مختلف حصوں میں پرچم عزاء بھی آویزاں کیے گئے ہیں، جن کا مقصد حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی مظلومیت، اہل بیت علیہم السلام سے آپ کی وفاداری اور ان کی نصرت میں آپ کے کردار کو یاد کرنا ہے۔
عتبہ عباسیہ کے مطابق، 23 اور 24 نومبر 2026 کو رات 8 بجے صحن حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا میں مجالسِ عزا منعقد ہوں گی۔ ان مجالس سے خطیبِ حسینی شیخ جعفر ابراہیمی خطاب کریں گے، جبکہ معروف نوحہ خواں ملا باسم کربلائی نوحہ خوانی کریں گے۔










آپ کا تبصرہ